-Advertisement-

پہلگام حملہ: ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت ثبوت پیش کرنے میں ناکام، عطا تارڑ

تازہ ترین

آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں پر حملہ، ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات خطرے میں

آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں پر حملوں کے واقعات پیش آئے ہیں جس سے امریکہ اور ایران کے...
-Advertisement-

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال مکمل ہونے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے الزامات کا کوئی ٹھوس ثبوت پیش کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بھارتی قیادت کی کھوکھلی سوچ، غیر منطقی رویے اور تکبر کا عکاس ہے۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی رنگ دینے کا عادی ہے جبکہ مسئلہ کشمیر ایک تسلیم شدہ عالمی تنازعہ ہے جسے بھارت اندرونی معاملہ قرار دے کر حقیقت سے نظریں چرا رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ واقعے کے دس منٹ کے اندر ایف آئی آر کا اندراج اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ ڈرامہ پہلے سے تیار شدہ تھا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کو مسترد کرنا اس بات کی تصدیق ہے کہ پہلگام واقعہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا، بھارتی سول سوسائٹی اور تھنک ٹینکس نے بھی اس واقعے پر سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا پروپیگنڈے کا آلہ کار بن کر جنگی ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس جعفر ایکسپریس اور خضدار سمیت پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے خبردار کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں سیاسی و عسکری قیادت قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے متحد ہے۔

یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت نے بلاجواز پاکستان پر الزام لگایا اور سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے سمیت سفارتی تعلقات محدود کر دیے تھے۔ سات مئی 2025 کو بھارتی میزائل حملوں کے جواب میں پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔

دس مئی 2025 کو آپریشن بنیان المرصوص کے تحت پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے مطابق فریقین کے مابین جنگ بندی عمل میں آئی تھی۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -