-Advertisement-

وفاقی آئینی عدالت: بلوچستان کے سابق چیف سیکریٹریز کی تاحیات مراعات ختم

تازہ ترین

ایران: کلیئرنس آپریشن کے دوران دھماکے سے پاسدارانِ انقلاب کے 14 اہلکار جاں بحق

تہران میں ایرانی پاسداران انقلاب کے 14 اہلکار بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کے دوران ہونے والے دھماکے میں...
-Advertisement-

وفاقی آئینی عدالت نے بلوچستان کے سابق چیف سیکریٹریز اور ان کی بیواؤں کو تاحیات اضافی مراعات دینے کا حکومتی نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے صوبائی حکومت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

جسٹس عامر فاروق کی جانب سے تحریر کردہ چار صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اٹھایا گیا کوئی بھی حکومتی اقدام غیر قانونی اور بلاجواز ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ریٹائرڈ چیف سیکریٹریز یا ان کے اہل خانہ کو تاحیات مراعات دینے کی کوئی قانونی شق موجود نہیں ہے۔

فیصلے کے مطابق تنخواہوں، پنشن اور مراعات کے قواعد وضع کرنے کا اختیار صرف محکمہ خزانہ کے پاس ہے اور نہ ہی وزیر خزانہ اور نہ ہی چیف سیکریٹری کو خود مختار حیثیت میں ایسی مراعات دینے کا کوئی آئینی اختیار حاصل ہے۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ زیر بحث مراعات کی منظوری بلوچستان کے وزیر اعلیٰ نے دی تھی جو کہ آئین اور قانون کے منافی اقدام تھا۔

یہ معاملہ بایزید خان کھروٹی کی جانب سے بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا جس پر عدالت نے قرار دیا تھا کہ ایسی مراعات بغیر کسی قانون یا ضابطے کے نہیں دی جا سکتیں۔ وفاقی آئینی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں کوئی قانونی نقص نہیں پایا گیا جس کی بنیاد پر اس میں مداخلت کی جائے۔

عدالت نے بلوچستان رولز آف بزنس 2012 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان قواعد میں چیف سیکریٹری کو اضافی مراعات دینے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ بلوچستان سول سرونٹس ایکٹ 1974 کے تحت ریٹائرڈ سرکاری ملازمین صرف قانون کے مطابق پنشن یا گریچویٹی کے حقدار ہیں اور پنشن کا ڈھانچہ قانون کے تابع ہے جسے مقررہ حدود سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ بلوچستان سول سرونٹس پنشن رولز 1989 میں بھی ان اضافی مراعات کا کوئی ذکر نہیں ہے لہذا یہ نوٹیفکیشن قانونی حیثیت سے محروم ہے اور اسے منسوخ کیا جاتا ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -