-Advertisement-

ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کی برسوں بعد بحالی، وزیر دفاع کا اعلان

تازہ ترین

خلیج اومان: امریکی فوج کی جانب سے ایرانی پرچم بردار آئل ٹینکر کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ

خلیج عمان میں امریکی بحری افواج نے ایرانی پرچم بردار آئل ٹینکر ایم ٹی حسنا کو روک کر اسے...
-Advertisement-

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کی بحالی کا عمل مکمل کر لیا ہے جس کے بعد یہ ہوائی اڈہ برسوں کی غیر فعالیت کے بعد دوبارہ مکمل طور پر فعال ہو گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی اور وزارت دفاع ملک بھر میں غیر فعال ایئرپورٹس کو بحال کرنے اور انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

گزشتہ برس بحالی کے عمل کے دوران پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے ڈی آئی خان ایئرپورٹ پر جدید ترین ڈوپلر وی ایچ ایف اومنی ڈائریکشنل رینج اور ڈسٹنس میژرنگ ایکوپمنٹ نصب کیا تھا۔ یہ جدید آلات طیاروں کو فضائی سفر کے دوران اپنی درست پوزیشن اور فاصلے کا تعین کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں واقع ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ تزویراتی لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ افغان دارالحکومت تک مختصر ترین راستے اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے قریب واقع ہے۔ ماضی میں محدود اور مہنگی آپریشنل لاگت کے باعث یہاں پروازوں کا سلسلہ معطل ہو گیا تھا۔

حکومت نے 2024 میں ڈیرہ اسماعیل خان میں گرین فیلڈ ایئرپورٹ کے قیام کا فیصلہ کیا جس کے لیے موضع یارک اور گلوٹی میں 1817 ایکڑ اراضی حاصل کی گئی تاکہ جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جا سکے۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی ملک بھر میں ہوا بازی کے شعبے کو جدید بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس ضمن میں فیصل آباد، اسکردو اور لاہور میں بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے جن کا مقصد سیاحت اور تجارت کو فروغ دینا ہے۔

اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے نیا ماسٹر پلان گلگت بلتستان کو سیاحت اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بنانے میں اہم پیش رفت ہے۔ اسی طرح لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نئے پیسنجر ٹرمینل کی تعمیر آخری مراحل میں ہے جس سے سالانہ مسافروں کی گنجائش پچاس لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ تک پہنچ جائے گی۔

علاوہ ازیں وسطی پنجاب میں بھی ایک نئے ایوی ایشن ہب کے قیام پر غور کیا جا رہا ہے، جس کے تحت فیصل آباد گرین فیلڈ ایئرپورٹ کو ایک جدید سہولت کے طور پر تیار کیا جائے گا تاکہ خطے میں معاشی ترقی، تجارت کے پھیلاؤ اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -