فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ عاطف اکرام شیخ جو ایکو چیمبر اور سارک چیمبر کے اہم عہدوں پر بھی فائز ہیں، نے پاکستان میں کاروبار کے موجودہ رجحانات اور ترقیاتی امور پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔
اس ویب نار میں ایشیا پیسیفک خطے سے تعلق رکھنے والے ساٹھ سے زائد کاروباری رہنماؤں اور چیمبرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اپنے کلیدی خطاب میں عاطف اکرام شیخ نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں، اسٹریٹجک محل وقوع اور نوجوان افرادی قوت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زرعی پیداوار، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات، لاجسٹکس، قابل تجدید توانائی، سیاحت اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستان کی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔ مہنگائی میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے خصوصی اقتصادی زونز اور سرمایہ کار دوست حکومتی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مرکز بن رہا ہے۔
سوال و جواب کے سیشن کے دوران عاطف اکرام شیخ نے سرمایہ کاروں کے مختلف خدشات کا تفصیلی جواب دیا۔ انہوں نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو سہولت قرار دیا۔ انہوں نے غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری، تجارتی پالیسیوں اور بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی درجہ بندی پر بھی سیر حاصل گفتگو کی۔
خطے کی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کے حوالے سے سوالات کا جواب دیتے ہوئے عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ، چین اور یورپ کے درمیان ایک قدرتی تجارتی اور لاجسٹک مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔
ویب نار کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی معاشی صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے عاطف اکرام شیخ کی معلومات افزا پریزنٹیشن کی تعریف کی۔ عاطف اکرام شیخ نے کیسی کے صدر پیٹر میک ملن، ڈائریکٹر جنرل ڈارسن چیو اور تمام رکن چیمبرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اجلاس کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا۔
