-Advertisement-

چینی پائلٹوں کی تربیت کا معاملہ: سابق امریکی میرین پائلٹ کی حوالگی کے خلاف اپیل مسترد

تازہ ترین

نائیجیریا: 2026 میں 33 ریاستوں میں شدید سیلاب کا خدشہ، ہائی الرٹ جاری

نائجیریا کے ہائیڈرولوجیکل سروسز ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ سال 2026 کے دوران ملک کے 36 میں سے...
-Advertisement-

آسٹریلیا کی فیڈرل کورٹ نے امریکی میرین کور کے سابق پائلٹ ڈینیل ڈوگن کی جانب سے امریکہ حوالگی کے خلاف دائر کردہ اپیل مسترد کر دی ہے۔ ڈوگن پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک دہائی قبل غیر قانونی طور پر چینی فوجی پائلٹوں کو تربیت فراہم کی تھی۔

فیڈرل کورٹ کے جسٹس جیمز سٹیلیوس نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ سال 2024 میں اس وقت کے اٹارنی جنرل مارک ڈریفوس کی جانب سے ڈوگن کی حوالگی کے حکم میں کوئی قانونی غلطی نہیں پائی گئی۔

ساتاون سالہ ڈینیل ڈوگن پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹیسٹ فلائنگ اکیڈمی آف ساؤتھ افریقہ میں انسٹرکٹر کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے چینی فوجی پائلٹوں کو تربیت دی۔ امریکی استغاثہ کے مطابق ڈوگن نے 2010 اور 2012 کے دوران مبینہ طور پر دیگر افراد کے ساتھ مل کر بغیر اجازت نامے کے یہ تربیت فراہم کی۔ اس مقصد کے لیے انہیں مبینہ طور پر 88 ہزار آسٹریلوی ڈالر کی ادائیگیاں کی گئیں۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈینیل ڈوگن کی اہلیہ سیفرین ڈوگن نے فیصلے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قانونی ٹیم مزید اپیل کے امکانات پر غور کر رہی ہے اور وہ موجودہ اٹارنی جنرل مشیل رولینڈ سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ حوالگی کے حکم کو واپس لیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب اٹارنی جنرل مشیل رولینڈ کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ڈینیل ڈوگن امریکہ کے حوالے کیے جانے تک آسٹریلیا میں ہی حراست میں رہیں گے۔

واشنگٹن کی ڈسٹرکٹ کورٹ کی 2016 کی فرد جرم کے مطابق ڈوگن نے امریکہ، جنوبی افریقہ اور چین کے سفر کیے اور ان کی سرگرمیوں کو بظاہر پرسنل ڈویلپمنٹ ٹریننگ کا نام دیا گیا۔ بوسٹن میں پیدا ہونے والے ڈوگن نے 12 سال تک امریکی میرینز میں خدمات انجام دیں اور 2002 میں آسٹریلیا منتقل ہو گئے۔ انہوں نے 2012 میں آسٹریلوی شہریت حاصل کی اور اس عمل کے دوران امریکی شہریت ترک کر دی تھی۔

ڈینیل ڈوگن کو 2022 میں نیو ساؤتھ ویلز میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا، تب سے وہ سخت سیکیورٹی والی جیل میں قید ہیں۔ ڈوگن ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں سیاسی انتقام قرار دیتے ہیں۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -