ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی امریکہ اور ایران کے مابین جاری مذاکرات کے تناظر میں آج سے پاکستان، روس اور عمان کے سرکاری دوروں کا آغاز کر رہے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے اعلیٰ ترین سفارت کار اپنے دورے کے دوران اسلام آباد، مسقط اور ماسکو میں اہم ملاقاتیں کریں گے جس کا مقصد خطے کی موجودہ صورتحال اور جنگ کے تازہ ترین حالات کا جائزہ لینا ہے۔
اسلام آباد میں قیام کے دوران ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع ہے۔ اپنے دورہ پاکستان کے بعد عباس عراقچی مسقط اور ماسکو روانہ ہوں گے جہاں وہ سیاسی قیادت کے ساتھ دو طرفہ مشاورت اور خطے کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دوسری جانب قبرص میں یورپی یونین کے رہنماؤں کے اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کے حوالے سے بات کرنا ابھی قبل از وقت ہے۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لین نے بھی اسی موقف کا اعادہ کیا۔
تاہم جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے اجلاس کے بعد کہا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی جامع معاہدہ طے پا جاتا ہے تو یورپی یونین کے رہنما پابندیوں میں بتدریج نرمی کرنے کے لیے تیار ہیں۔
