دادو کے علاقے ملاکٹی شریف میں گھر میں لگنے والی بھیانک آگ کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جبکہ چار افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
ہفتے کے روز پیش آنے والے اس المناک واقعے میں آگ نے گھر کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے شعلوں کے باعث پانچ سے دس سال کی عمر کے دو بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں چار افراد بری طرح جھلس گئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول ہسپتال دادو منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
آگ کے اس افسوسناک واقعے میں گھر میں موجود مویشی بھی ہلاک ہو گئے جبکہ قیمتی سامان اور اناج کا ذخیرہ جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم مقامی انتظامیہ کی جانب سے واقعے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
