متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفارتی مشنز نے تکنیکی خرابی کے باعث پاسپورٹ کے اجرا کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق سسٹم میں پیدا ہونے والی خرابی اور دیکھ بھال کے کاموں کی وجہ سے شہریوں کو فراہم کی جانے والی پاسپورٹ سروسز متاثر ہوئی ہیں۔
ابوظہبی میں قائم پاکستانی سفارت خانے اور دبئی میں قونصل جنرل کے دفاتر نے تصدیق کی ہے کہ سسٹم فیل ہونے کے باعث پاسپورٹ سے متعلق تمام ان پرسن خدمات روک دی گئی ہیں۔ فی الحال سروسز کی بحالی کے لیے کسی حتمی وقت کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔
سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ بیان میں اعلان کیا ہے کہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر 29 اور 30 اپریل 2026 کو پاسپورٹ آپریشنز بند رہیں گے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ خرابی بدھ کی صبح شروع ہوئی جس نے خلیجی ممالک میں قائم متعدد مشنز کو متاثر کیا ہے۔
سفارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ تکنیکی نقائص دور کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اگر سسٹم بحال ہو گیا تو جمعرات سے خدمات کا دوبارہ آغاز ممکن ہو سکے گا۔ حکام نے پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس دوران پاسپورٹ کے کاموں کے لیے سفارت خانوں کا رخ نہ کریں اور جہاں ممکن ہو آن لائن سسٹم کا استعمال کریں۔
جو شہری ڈیجیٹل سہولیات سے استفادہ کرنے سے قاصر ہیں انہیں مزید ہدایات کا انتظار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی مشن نے واضح کیا ہے کہ خدمات کی بحالی کے بارے میں کمیونٹی کو جلد مطلع کر دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں حکام نے تصدیق کی ہے کہ یکم مئی 2026 بروز جمعہ کو عالمی یوم مزدور کے موقع پر تمام سفارتی مشنز بند رہیں گے اور معمول کے مطابق کام کا آغاز 4 مئی بروز پیر سے ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ تعطیل جاری تکنیکی خرابی سے الگ معاملہ ہے۔
