وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ کے لیے اکتیس اعشاریہ پانچ کلومیٹر طویل ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کو شہری نقل و حمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام حصوں کو فیڈر بس سروس کے ذریعے میٹرو ٹرین سے منسلک کیا جائے۔
ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے اس منصوبے میں دو ٹنل سیکشنز شامل ہوں گے جبکہ ٹرین کو سترہ سے انیس کلومیٹر تک زیر زمین چلانے کی اصولی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ یہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم روزانہ چھبیس لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔ یہ روٹ گکھڑ سے امین آباد تک اکتیس اعشاریہ پانچ کلومیٹر پر محیط ہوگا اور اس کی تکمیل کے لیے بارہ ماہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس نظام میں دو زیر زمین اسٹیشنوں سمیت کل چوبیس اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے جبکہ گر جاکھ، چن دا قلعہ اور گوندلاوالہ میں ڈپوز بنائے جائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ یہ اقدام سفر کے معیار کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا اور شہریوں کو محفوظ، جدید اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
