نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ناروے کے نائب وزیر خارجہ آندریاس موٹزفیلڈ کراوک نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے قیام کے لیے بات چیت اور روابط کو فروغ دینے کی کوششیں جاری رکھے گا۔
نارویجن نائب وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری کردار اور تنازعات کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے مواقع پر غور کیا۔
آندریاس موٹزفیلڈ کراوک نے ناروے کے وزیر خارجہ کی جانب سے اسحاق ڈار کو اگلے ماہ منعقد ہونے والے اوسلو فورم میں شرکت کی دعوت دی، جسے نائب وزیراعظم نے شکریے کے ساتھ قبول کیا۔
دونوں فریقین نے دوطرفہ امور اور امن، استحکام اور ترقی سے متعلق معاملات پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
