وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے رواں ہفتے متوقع دورہ چین کے لیے معروف کاروباری شخصیات کو وفد میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کے ہمراہ جانے والے وفد میں ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک اور ایپل کے سربراہ ٹم کک کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
وفد میں شامل دیگر نمایاں کاروباری رہنماؤں میں گولڈمین سیکس کے سی ای او ڈیوڈ سولومن، بلیک اسٹون کے چیئرمین اسٹیفن شوارزمین، بلیک راک کے سی ای او لیری فنک، سٹی گروپ کی سی ای او جین فریزر اور میٹا پلیٹ فارمز کی ایگزیکٹو دینا پاول میک کارمک شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ ایک درجن سے زائد سینئر کاروباری ایگزیکٹوز پر مشتمل یہ وفد صدر ٹرمپ کے ساتھ بیجنگ جائے گا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد چین کے ساتھ تجارتی معاہدوں اور خریداری کے سودوں کو حتمی شکل دینا ہے۔
صدر ٹرمپ 13 سے 15 مئی تک چین کا دورہ کریں گے۔ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان پیچیدہ تعلقات کے باوجود اس دورے کو سفارتی تعلقات کی بحالی کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ متعلقہ کمپنیوں کی جانب سے اس پیش رفت پر تاحال کوئی باضابطہ تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔
