سعودی عرب، خلیجی ممالک اور دنیا کے دیگر حصوں میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی میں عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لاکھوں فرزندانِ توحید نے نمازِ عید ادا کی۔
خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عالمِ اسلام کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب عالمی امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے تناظر میں مملکت کے اصولی موقف کو دہرایا۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سرحدوں پر تعینات بہادر محافظوں کو کامیابی عطا فرمائے اور وطنِ عزیز، امتِ مسلمہ اور پوری دنیا کو امن و خوشحالی سے نوازے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے جس نے ہمیں حرمین شریفین کی خدمت کا اعزاز بخشا اور ہم زائرین کی سہولت و تحفظ کے لیے تمام وسائل وقف کر چکے ہیں۔
عید الفطر کا تہوار ترکی، لبنان، یمن، فلسطین اور عراق میں بھی آج منایا جا رہا ہے۔ آسٹریلیا میں بھی مسلمان عید کی خوشیاں منا رہے ہیں، جہاں وزیراعظم انتھونی البانی نے سڈنی کی ایک مسجد کا دورہ کیا اور مسلم کمیونٹی کو عید کی مبارکباد دی۔
امریکا میں بھی چاند نظر آنے کے بعد آج عید منائی جا رہی ہے۔ اسی طرح برطانیہ اور یورپ بھر میں مقیم مسلمانوں کی بڑی تعداد بھی آج عید الفطر کا تہوار عقیدت کے ساتھ منا رہی ہے۔
