غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں اسرائیلی طیاروں نے پولیس کی دو چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چھ فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ مقامی طبی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک بچی بھی شامل ہے جبکہ حملے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
قاہرہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ فضائی حملے ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کو پانچ ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم اس کے باوجود خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے ان حالیہ حملوں پر تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
مقامی محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں حماس کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سے اب تک اسرائیلی کارروائیوں میں 680 سے زائد فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اس جنگ میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 72 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
موجودہ صورتحال میں اسرائیل ایک جانب ایران کے خلاف محاذ کھولے ہوئے ہے تو دوسری جانب لبنان کے جنوبی علاقوں میں حزب اللہ کے خلاف بھی فوجی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ طبی حکام کا کہنا ہے کہ ایک ماہ قبل ایران کے ساتھ تنازع شروع ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں کم از کم 50 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
