امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیٹ نے خبردار کیا ہے کہ جاری بحری ناکہ بندی کے دوران ایران کی جانب سے کسی بھی قسم کی جوابی کارروائی غیر دانشمندانہ اقدام ہوگا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ تہران کی جانب سے ردعمل متوقع ہے تاہم اس کے نتائج سنگین ہوں گے۔
ایک بیان میں امریکی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ ایران اپنی عسکری صلاحیتوں کو بحال کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے اور خطے میں ایرانی فضائی حدود پر امریکہ کا مکمل کنٹرول قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کو مکمل طور پر غیر فعال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن انہوں نے اب تک تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے ایران کی سمندری گزرگاہوں پر ناکہ بندی کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق آج سے ایرانی بندرگاہوں پر آنے اور جانے والے جہازوں پر سخت پابندیاں لاگو کر دی گئی ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ناکہ بندی کا اطلاق خلیج فارس اور خلیج عمان میں ایرانی بندرگاہوں سے منسلک جہازوں پر بھی ہوگا۔ امریکی فوج نے واضح کیا ہے کہ ممنوعہ علاقے میں بغیر اجازت داخل ہونے یا نکلنے والے کسی بھی جہاز کو روکا جا سکتا ہے، اس کا رخ تبدیل کیا جا سکتا ہے یا اسے قبضے میں لیا جا سکتا ہے۔
