غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں کم از کم چار فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ طبی حکام کے مطابق وسطی گاؤں المغراقہ کے قریب فضائی حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ غزہ شہر کے نواح میں اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری اور فائرنگ سے مزید دو افراد لقمہ اجل بن گئے۔
خان یونس کے جنوبی علاقے میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے چالیس سالہ خاتون ہلاک ہوئی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہیں اتوار کے روز اس علاقے میں کسی بھی کارروائی کی اطلاع نہیں ہے جبکہ دیگر واقعات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اسرائیلی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کے روز سے اب تک غزہ میں حماس کے متعدد جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود غزہ میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے اور اسرائیل کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر حملے کیے جا رہے ہیں۔
مقامی طبی ماہرین کے اعداد و شمار کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک کم از کم 800 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس عرصے کے دوران چار اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ دونوں فریقین ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی غزہ جنگ میں اب تک 72 ہزار 500 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت عام شہریوں کی ہے۔ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں میں 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
