واشنگٹن نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے عوض ایران کو ٹرانزٹ فیس ادا کرنے والی شپنگ کمپنیوں کے خلاف سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ امریکی محکمہ خزانہ نے واضح کیا ہے کہ وہ آبنائے میں جہاز رانی کے لیے ایرانی دھمکیوں اور فیس کے مطالبات سے پوری طرح آگاہ ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق جو تنظیمیں ایرانی ہلال احمر سوسائٹی جیسے اداروں کو عطیات دیں گی، انہیں بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ انتباہ تہران کی جانب سے اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ کشیدگی کے خاتمے کے لیے پیش کردہ تجاویز کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جس میں آبنائے سے گزرنے والے جہازوں پر فیس عائد کرنے کی تجویز بھی شامل تھی۔
امریکی حکام نے ایران سے منسلک چھ افراد، اکیس کمپنیوں اور ایک جہاز پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ پابندیوں کی زد میں کچھ چینی کمپنیاں اور افراد بھی آئے ہیں، تاہم ان کے بارے میں مزید تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔
