تہران میں ایرانی عدلیہ نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے جرم میں دو افراد کو سزائے موت دے دی ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق یعقوب کریم پور اور ناصر باقر زادہ کو ہفتے کے روز پھانسی دی گئی۔ دونوں ملزمان پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ساتھ تعاون کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔
عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ یعقوب کریم پور حساس نوعیت کی معلومات موساد کے افسر تک پہنچانے میں ملوث تھا جبکہ ناصر باقر زادہ پر الزام تھا کہ اس نے اہم حکومتی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ ساتھ صوبہ اصفہان میں واقع نطنز کے جوہری تنصیبات کے علاقے سے خفیہ معلومات اکٹھی کی تھیں۔
دوسری جانب ایران کے صوبہ زنجان میں ایک افسوسناک واقعے کے دوران اسلامی انقلابی گارڈ کور کے 14 اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن میں مصروف تھے۔
حکام کے مطابق دھماکہ خیز مواد، جس کا تعلق مبینہ طور پر امریکہ اور اسرائیل سے بتایا گیا ہے، آپریشن کے دوران اچانک پھٹ گیا۔ رپورٹ کے مطابق صوبہ زنجان کے 1200 ہیکٹر سے زائد رقبے پر خطرناک بارودی مواد موجود ہے جس میں سے کچھ تین میٹر گہرائی تک دفن ہیں۔ حکام نے اس آپریشن کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔
