برازیل کے شہر بیلو ہوریزونٹے میں ایک چھوٹا طیارہ رہائشی عمارت سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے حکام کے مطابق حادثہ پیر کے روز پیش آیا۔ طیارے نے دوپہر کے وقت شہر کے پامپولہا ایئرپورٹ سے ساؤ پالو کے لیے اڑان بھری تھی، تاہم اڑان بھرنے کے چند منٹ بعد ہی یہ طیارہ تین منزلہ رہائشی عمارت پر جا گرا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کے فوری بعد طیارے کے پائلٹ اور کو پائلٹ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ابتدائی طور پر طیارے میں چار افراد کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم بعد ازاں حکام نے تصدیق کی کہ طیارے میں کل پانچ افراد سوار تھے۔
زخمی ہونے والے تین مسافروں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے میناس گیراس کی ریاستی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ ایک مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ باقی دو مسافر تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔
فائر ڈپارٹمنٹ نے واضح کیا ہے کہ اس حادثے میں عمارت کے رہائشی محفوظ رہے اور عمارت کو بھی کوئی بڑا ساختی نقصان نہیں پہنچا۔ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
