-Advertisement-

ہینٹا وائرس کا خطرہ تشویشناک نہیں، امریکی سی ڈی سی حکام کا بیان

تازہ ترین

نو ماہ کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 1.2 ٹریلین روپے سے زائد کی وصولی

سرکاری دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد...
-Advertisement-

امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے قائم مقام ڈائریکٹر جے بھٹاچاریہ نے ہینٹا وائرس کے حالیہ پھیلاؤ کے حوالے سے وفاقی حکومت کے اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال کو کووڈ انیس جیسی ہنگامی صورتحال قرار دینا درست نہیں ہے کیونکہ عوام کے لیے اس کے خطرات کووڈ کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں۔

ایک نجی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے جے بھٹاچاریہ کا کہنا تھا کہ ہینٹا وائرس اور کووڈ کی نوعیت میں واضح فرق ہے، لہذا ان کے تدارک کے لیے حکمت عملی بھی مختلف ہونی چاہیے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ہینٹا وائرس ایک مہلک بیماری ہے لیکن اس کے وبائی خطرات کووڈ سے بالکل مختلف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وائرس ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل ہونا انتہائی مشکل عمل ہے۔

بحری جہاز ایم وی ہونڈیئس پر پھوٹنے والی اس وباء کے نتیجے میں اب تک تین افراد ہلاک جبکہ دس کیسز کی تصدیق یا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس جہاز پر سوار اٹھارہ امریکی شہری پیر کے روز وطن واپس پہنچ چکے ہیں جنہیں نیبراسکا اور جارجیا کے طبی مراکز میں زیر نگرانی رکھا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ ہینٹا وائرس کی اینڈیز قسم ہے جو قریبی اور طویل رابطے کی صورت میں پھیل سکتی ہے۔

جے بھٹاچاریہ نے کہا کہ امریکی ادارہ صحت کئی ہفتوں سے اس صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے اور عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ادارے کا مقصد عوام میں غیر ضروری خوف و ہراس پھیلانے کے بجائے حقائق پر مبنی معلومات فراہم کرنا ہے، کیونکہ قیاس آرائیوں سے گریز کرنا وقت کا تقاضا ہے۔

دوسری جانب سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر چک شومر نے ٹرمپ انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس سی ڈی سی کے ویسل سینیٹیشن پروگرام میں بجٹ کی کٹوتی اور عملے کی برطرفی حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس سے بیماریوں کی روک تھام کا نظام کمزور ہوا ہے۔

ان الزامات کے جواب میں جے بھٹاچاریہ نے موقف اختیار کیا کہ اپنے ڈھائی ماہ کے دور میں انہوں نے وبائی امراض سے نمٹنے والی ٹیم میں کوئی خلا نہیں دیکھا اور انسپکشن ٹیم اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں نبھا رہی ہے۔

آئندہ برس جون اور جولائی میں امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے دوران بیماریوں کے پھیلاؤ کے خدشات پر جے بھٹاچاریہ نے کہا کہ بڑے اجتماعات میں خطرات ہمیشہ موجود رہتے ہیں، تاہم امریکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ان کے پاس حفاظتی نظام فعال ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -