عثمان خان نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیگ کی تاریخ کی چوتھی سنچری سکور کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ بدھ کے روز کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کے خلاف 214 رنز کا مشکل ہدف آخری اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
عثمان خان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 47 گیندوں پر 101 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس سنچری کے ساتھ ہی وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ وہ اب تک 33 میچوں میں چار سنچریاں بنا چکے ہیں، جبکہ اس سے قبل بابر اعظم، فخر زمان، کامران اکمل اور رائیلی روسو تین، تین سنچریوں کے ساتھ یہ اعزاز اپنے نام کیے ہوئے تھے۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز بنائے۔ سٹیو سمتھ نے 47 گیندوں پر 12 چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 66 اور جوش فلپ نے 19 رنز بنائے۔ حیدرآباد کی جانب سے عاکف جاوید نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز مین کی کامیابی میں مارنس لبوشین کے 61 رنز نے بھی اہم کردار ادا کیا، جبکہ حسن خان نے صرف چھ گیندوں پر ناقابل شکست 24 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ عثمان خان کو ان کی شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس فتح کے بعد حیدرآباد کنگز مین آٹھ میچوں میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آ گئی ہے، جبکہ ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
