-Advertisement-

کراچی: یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے پر کام دوبارہ شروع

تازہ ترین

یوکرین پر روسی حملوں میں 16 افراد ہلاک، چرنوبل کی برسی پر جوہری خطرات پر تشویش

یوکرین، روس اور مقبوضہ علاقوں میں جاری شدید جھڑپوں اور فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 16...
-Advertisement-

کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے پر تعمیراتی کام کا دوبارہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن یعنی ایف ڈبلیو او نے آج سے تعمیراتی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔

میئر کراچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مکسڈ ٹریفک کوریڈور اور نکاسی آب کے نظام کی تکمیل کے لیے نوے دن کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منصوبے کی پیش رفت سے شہریوں کو بروقت آگاہ رکھا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سندھ حکومت نے منصوبے میں مسلسل تاخیر، ناقص کارکردگی اور صحت و ماحولیاتی معیارات کی خلاف ورزی پر ٹھیکیدار کمپنی کا معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔ ٹرانس کراچی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ سی آر تھری اور اے ایم ایس ایسوسی ایٹس کے مشترکہ وینچر کو دی گئی ذمہ داریاں قواعد کی خلاف ورزیوں کے باعث ختم کی گئی ہیں۔ معاہدہ منسوخی کے بعد صوبائی حکومت نے سائٹ کو سیل کر دیا تھا جس پر ٹھیکیدار کمپنی نے سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ سے رجوع کیا تھا۔

بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے پہلے اور دوسرے مرحلے کا سنگ بنیاد اگست 2022 میں رکھا گیا تھا جس کی تکمیل کی ابتدائی تاریخ 2024 مقرر تھی، تاہم بعد ازاں اس ڈیڈ لائن کو 2026 کے آخر تک بڑھا دیا گیا۔

شہر کی اہم تعلیمی شاہراہ یونیورسٹی روڈ طویل عرصے سے کھدائی کے باعث شہریوں کے لیے وبال جان بنی ہوئی ہے۔ صفورا چورنگی سے حسن اسکوائر تک کا حصہ ٹریفک کے شدید دباؤ کا شکار ہے اور شہریوں نے اسے موت کا کنواں قرار دے رکھا ہے۔ طویل تعمیراتی کاموں کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اور شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی آبادی نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت منصوبے کی تکمیل تک سڑک کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -