وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے شیر شاہ واقعے میں زخمی ہوئے والوں کی عیادت کے لئے ہفتہ کی شام سول ہسپتال کراچی کا دورہ کیا۔
ناصر شاہ نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہمی کی ہدایات دیں اور کہا کہ سندھ حکومت واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے تمام طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔
وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شیر شاہ دھماکے کا افسوسناک واقعہ تجاوزات کے خلاف متفقہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے کثیر ابادی والے شہر میں نالوں، پانی، گیس کی گذرگاہوں ، کھیل کے میدانوں، پارکوں اور رفاحی پلاٹوں پر عرصۂ دراز سے قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے سب کو مل کر ایک مربوط، منظم اور قابلِ عمل حکمتِ عملی بنانا ہوگی تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی یقینی روک تھام کی جاسکے۔
وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لئے قوانین کے موثر استعمال کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو بھی استعمال میں لارہی ہے اور محکمۂ بلدیات اس ضمن میں عمارات کی جیو ٹیگنگ کے عمل کو شروع کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ جیو ٹیگنگ کی مدد سے خالی پلاٹوں پر ابھرنے والی عمارات، پہلے سے قائم عمارات میں تغیر و تبدل و اضافہ کی فوری اور بروقت نشاندھی ہوسکے گی اور جو تعمیر ناجائز پائی جائے گی اس کے خلاف فوری کارروائی کی جاسکے گی۔
وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شیر شاہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے احکامات کے ساتھ ساتھ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کی ہرممکن مدد اور زخمیوں کے بہترین علاج معالجے کی ہدایات دی ہیں۔