کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر شیخ عمر ریحان نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سےکراچی کے لیے 11سو ارب کے خصوصی پیکج دینے کو انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے اس پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایس ایم منیرکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نےکراچی کےمسائل پر خصوصی توجہ دیتےہوئے جس طرح صوبائی و وفاقی قیادت میں اتفاق رائے پیدا کیا اور متحد ہوکر شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے تاریخی پیکج کا اعلان کیا کراچی کے شہری اور بالخصوص بزنس کمیونٹی ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نےہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے اور اس خصوصی پیکج کی صورت میں انہوں نے اپنے وژن کو عملی جامہ پہنایا ہے۔
صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہاکہ وزیر اعظم کے دورہ کراچی کے دوران صنعتکار اور تاجر رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر انہیں صنعتوں کو گیس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس(جی آئی ڈی سی) اور انفرااسٹرکچر سے متعلق درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور انہوں نے ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کے مسائل حل کرنے سے متعلق خصوصی اقدامات کا یقین دلایا ہے، ہمیں امید ہے کہ جس طرح انہوں نے کراچی کی تعمیر و ترقی کےلیے وژن اور فراخ دلی سے پیکج کا اعلان کیا ہے اس کے صنعتی علاقوں کو درپیش مسائل کےحل کے لیے بھی انقلابی اقدامات کیے جائیں گے۔
شیخ عمر ریحان نے کہا کہ ملکی معیشت کے لیے کراچی کی تعمیر و ترقی اور انفرااسٹرکچر میں اصلاحات ناگزیر ہیں، وزیر اعظم ان مسائل کا پورا ادراک رکھتے ہیں اور بزنس کمیونٹی ان کے حل کے کیے گئے اقدامات کا اعتراف کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں کی تعمیر و ترقی اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے تمام صنعتی ایسوسی ایشنز کے لئے علیحدہ سے فنڈز مختص کئے جائیں۔