پاکستانی ہائی کمیشن کینیڈا اور مانٹریال،ٹورنٹو اور وینکوور میں قائم پاکستانی قونصلیٹس کی جانب سے مشترکہ طور پر کینیڈا اور شمالی امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ای کچہری کا اہتمام کیا گیا،
ای کچہری میں کینیڈا کے مختلف صوبوں اور شہروں میں مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور آسان اور بروقت قونصلر خدمات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز اور آرا کا اظہار کیا۔
پاکستان ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے ای کچہری سے افتتاحی اور اختتامی خطاب کیا جبکہ قونصل جنرل ٹورنٹو عبد الحمید نے کچہری کی نظامت کے فرائض سر انجام دیے۔
ای کچہری کے دوران کمیونٹی کو روشن ڈیجیٹل اکاونٹس اور ویزا درخواستوں کے عمل کو آن لائن کیے جانے کے عمل سے آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ کی ہدایت پر کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کے لیے سفارت خانے اور قونصلیٹس کی جانب سے ہر ماہ ای کچہری کا اہتمام کیا جائے گا۔
کچہری کے شرکا نے ای کچہری کے اہتمام کو سراہا اور اس کے ہرماہ انعقاد کے فیصلے کو کمیونٹی کے لیے سود مند قرار دیا۔
ای کچہری کے ہر ماہ انعقاد سے سفارت خانے اور کمیونٹی کے مابین روابط مستحکم ہوں گے اور قونصلر خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی۔