وزیر اعظم عمران خان 8 اپریل کو بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والے 10 ویں ڈی ایٹ ورچوئل سربراہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 19 ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے جو اجلاس سے پہلے ہوگا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس سربراہی اجلاس میں بنگلہ دیش ، مصر ، انڈونیشیا ، ایران ، ملائشیا ، نائیجیریا ، ترکی اور پاکستان سمیت آٹھ ڈی -8 ممبر ممالک کے سربراہان ریاستیں / حکومتیں شریک ہوں گی۔
توقع کی جارہی ہے کہ 10 ویں ڈی۔8 سربراہی اجلاس میں اعلامیہ اور 30۔2020 کیلئے روڈ میپ جاری کیا جائے گا ۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان ڈی -8 سربراہی اجلاس کی صدارت بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کو سونپ دیں گے۔ 8ممبر ممالک کے درمیان اقتصادی اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے ڈی۔8 کا قیام 1997 میں لایا گیا تھا۔ ڈی ایٹ سیکرٹریٹ استنبول میں واقع ہے۔
ڈی ایٹ کے مقاصد میں ، عالمی معیشت میں ترقی پذیر ممالک کی پوزیشن کو بہتر بنانا ، تجارتی تعلقات میں نئے مواقع اور بین الاقوامی سطح پر فیصلہ سازی میں حصہ لینا شامل ہے۔
ڈی ایٹ رکن ممالک کے مابین تعاون کے ترجیحی شعبوں میں تجارت، صنعت، زراعت اور خوراک کا تحفظ،سیکورٹی، توانائی، نقل و حمل اور سیاحت شامل ہیں ۔
پاکستان نے ڈی ایٹ کے مقاصد اور اہداف کے فروغ اور ان کے حصول کے لئے سرگرم کردار ادا کیا ہے۔
پاکستان نے 2012 میں اسلام آباد میں آٹھویں ڈی۔8 سمٹ کی میزبانی کی تھی۔