مقبول ترین میوزک ریئلٹی شو پاکستان آئیڈل کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہو گیا ہے۔ کراچی کے انٹلیکچوئل پراپرٹی ٹربیونل میں دائر کردہ مقدمے میں شو کی انتظامیہ پر معاہدے کی خلاف ورزی اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
مقدمہ نمبر 54 برائے 2026 محمد احسن قریشی کی جانب سے دائر کیا گیا ہے جس میں دی مرچنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ کو بطور فریق نامزد کیا گیا ہے۔ مدعی نے عدالت سے ہرجانے کی وصولی، کھاتوں کی تفصیلات اور مستقل حکم امتناعی کی استدعا کی ہے۔
محمد احسن قریشی کا کہنا ہے کہ وہ سات ماہ تک شو کی پروڈکشن اور فوٹوگرافی کے شعبے سے وابستہ رہے تاہم ان کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ معاملہ صرف ان تک محدود نہیں بلکہ تخلیقی ٹیم کے کئی دیگر ارکان بھی عدم ادائیگی کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
شو کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آخری شوٹنگ گالا اسٹیج کے دوران ہوئی تھی جس کے بعد سے فائنل سمیت مزید کوئی فلمبندی نہیں ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شو کی پروڈکشن سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ مارکیٹ میں مطلوبہ ریونیو حاصل کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد سے پروجیکٹ تعطل کا شکار ہے۔
کچھ اطلاعات کے مطابق شو کا اسٹوڈیو سیٹ اپ بھی ہٹا دیا گیا ہے، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ عالمی سطح پر مقبول اس فارمیٹ کی پاکستانی فرنچائز کو پہلے سیزن کی تکمیل میں شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔
دوسری جانب دی مرچنٹ ہولڈنگز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان آئیڈل کے حوالے سے پرعزم ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق تاخیر کی وجوہات میں رمضان اور عالمی حالات شامل ہیں اور شو کی واپسی متوقع ہے۔
محمد احسن قریشی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے قانونی راستہ سوچ سمجھ کر اختیار کیا ہے اور وہ عدالت میں مکمل ثبوت پیش کریں گے۔ تاحال پاکستان آئیڈل کی انتظامیہ کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے امریکہ تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے…
اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم چار…
آسٹن میں منعقدہ یو ایس موٹو جی پی اسپرنٹ ریس میں جارج مارٹن نے شاندار…
جنوبی لبنان میں جاری لڑائی کے دوران امریکی نژاد اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔ اسرائیلی…
کراچی پولیس نے جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی طالبات کو لوٹنے والے تین رکنی…
ایران نے امریکہ پر دوہرے معیار کی پالیسی اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار…