جمعہ کی رات جڑواں شہروں سمیت خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر چھ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا۔ زلزلہ رات نو بج کر تیرہ منٹ پر آیا جس کی زیر زمین گہرائی ایک سو نوے کلومیٹر تھی۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ آٹھ بتائی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، چترال، سوات اور شانگلہ سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں شدید لرزش کے بعد اسلام آباد پولیس نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو اپنے متعلقہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانس یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
راولپنڈی ریسکیو گیارہ بائیس کے مطابق شہر میں تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا ریسکیو گیارہ بائیس کے ترجمان بلال احمد فیضی کا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں جھٹکے محسوس ہوئے لیکن کنٹرول روم کو تاحال کوئی ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بھی صوبے بھر میں کسی نقصان کی تردید کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، میانوالی، جھنگ، فیصل آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن اور سرگودھا سمیت دیگر اضلاع میں جھٹکے محسوس کیے گئے۔ متعلقہ ادارے سرکاری اور نجی عمارتوں کا معائنہ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان کا تعین کیا جا سکے۔ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے اور شہریوں کو کسی بھی نقصان کی اطلاع ہیلپ لائن نمبر گیارہ انتیس پر دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز نے افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں پانچ اعشاریہ پانچ شدت کے زلزلے کی اطلاع دی تھی۔ رواں برس فروری میں بھی ہندوکش کے علاقے میں پانچ اعشاریہ چھ شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کے جھٹکے پاکستان کے مختلف شہروں تک پہنچے تھے۔ گزشتہ ماہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھی چار اعشاریہ پانچ شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم ان واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں لیاری ایکسپریس وے پل پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش…
پوپ لیو چہار دہم نے اپنے منصب سنبھالنے کے بعد پہلے گڈ فرائیڈے کے موقع…
سپریم کورٹ آف پاکستان نے نور مقدم قتل کیس کے مجرم ظاہر جعفر کی جانب…
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملکی اور علاقائی صورتحال پر…
راولپنڈی پولیس نے کراچی سے تاوان کے لیے اغوا ہونے والی تین سالہ بچی کو…
واشنگٹن: ریاست میری لینڈ کے گورنر ویس مور نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکہ…