وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کے تناظر میں غیر ملکی معززین کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اسلام آباد میں امریکی سفیر نٹالی بیکر سے ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور جنگ بندی کے بعد خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں طے پایا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وانس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بطور خصوصی مہمان اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ تمام غیر ملکی مہمانوں کی حفاظت کے لیے ایک جامع سیکیورٹی منصوبہ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ امریکی سفیر نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہا۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وانس کی قیادت میں وفد آج رات اسلام آباد پہنچے گا جس میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سمیت دیگر حکام اور سیکیورٹی ماہرین شامل ہیں۔ اسی طرح ایران کا وفد بھی سپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں آج رات اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ امریکہ اور ایران کے مابین مذاکرات کا آغاز کل جمعہ سے ہوگا جبکہ مرکزی مذاکرات ہفتے کے روز منعقد ہوں گے۔ یہ مذاکرات 28 فروری سے شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی دو ہفتہ وار جنگ بندی کا نتیجہ ہیں۔
سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد اور گردونواح میں سرچ اینڈ کومب آپریشنز جاری ہیں۔ سبزی منڈی، فیض آباد، ترنول، شہزاد ٹاؤن، ہمک، کراچی کمپنی، پیرودہائی، نور خان ایئر بیس، حاجی کیمپ، ٹیکسلا، مری، جہلم، چکوال اور اٹک میں پولیس، رینجرز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور حساس ادارے مشترکہ طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ انٹیلیجنس بنیادوں پر رہائشی ریکارڈ کی تصدیق اور داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے تمام سرکاری ہسپتالوں اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور عملے کی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کا خصوصی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔ ایکسپریس وے پر ڈائیورژن لگائے گئے ہیں جبکہ زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک کا راستہ دونوں اطراف سے بند رہے گا۔ پشاور سے راولپنڈی آنے والے شہریوں کو ٹیکسلا موٹر وے، چک بیلی روڈ اور روات کے راستے استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں 10 اپریل تک ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع رہے گا اور ریڈ زون عام شہریوں کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے جمعرات اور جمعہ کو اسلام آباد میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کے تحت تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے، البتہ ضروری خدمات بدستور فعال رہیں گی۔ شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے ٹکٹوں کی عالمی فروخت کا آغاز جمعرات کے روز کر…
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے آرتھوڈوکس ایسٹر کے تہوار کے موقع پر یوکرین میں 32…
میرپور خاص کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں میڈیکل کی طالبہ فہمیدہ لغاری نے مبینہ طور…
واشنگٹن میں لبنان میں جنگ بندی کے قیام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سہ فریقی…
بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ…
پاکستان میں بریسٹ کینسر کے عالمی آگاہی مہینے کے تناظر میں ماہر آنکولوجسٹ ڈاکٹر ثناء…