راولپنڈی انتظامیہ نے شہر میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور 18 اپریل کی نصف شب سے تمام کاروباری مراکز، تفریحی مقامات اور تعلیمی اداروں کے ہاسٹلز کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق شہر بھر کے ریسٹورنٹس، پارکس، بیوٹی پارلرز، مارکیٹس، اسنوکر کلبز، جم، شاپنگ مالز اور کوئٹہ ہوٹلز کو فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی تنبیہ کی گئی ہے۔
سیکیورٹی کے سخت اقدامات کے تحت بارانی یونیورسٹی سمیت شہر کی حدود میں واقع تمام نجی و سرکاری بوائز اور گرلز ہاسٹلز کو بھی خالی کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔ پولیس نے ہاسٹل مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ نصف شب تک تمام رہائشیوں کو ان کے گھروں کو بھیج دیا جائے۔ بارانی یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے مین کیمپس اور تمام ملحقہ تعلیمی اداروں کو 18 اپریل سے 26 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق شہر بھر میں 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ اہم مقامات پر 600 سے زائد خصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات ہے۔
سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ایلیٹ کمانڈوز، ماہر نشانہ باز، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور کوئیک رسپانس فورس کے دستے چوبیس گھنٹے گشت کر رہے ہیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ، سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید مانیٹرنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کنٹرول روم سے ہر لمحے کی رپورٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطحی امریکی ایرانی مذاکرات کسی حتمی نتیجے کے بغیر…
پاکستان نے صومالی لینڈ میں اسرائیلی سفارتی نمائندے کی تعیناتی کے اعلان کو مسترد کرتے…
پوپ لیو چہار دہم نے انگولا کے دورے کے دوران قدرتی وسائل کے بے دریغ…
میکسیکو سٹی کے مضافات میں واقع جھیل چالکو کے قریب سے ایک ہزار سے زائد…
جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن یونائیٹڈ نیشنز انٹرم فورس ان لبنان (یونیفل)…
جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج یونفیل کے قافلے پر حملے کے نتیجے…