روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت حج 2026 کے لیے پہلی پرواز 270 عازمین کو لے کر اتوار کے روز اسلام آباد سے مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔ غیر ملکی ایئرلائن کی یہ پرواز صبح 11 بجے دارالحکومت سے روانہ ہوئی جس کے ساتھ ہی حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر عازمین کی روانگی کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے شرکت کی۔ اس موقع پر سعودی ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد علی اور جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روڈ ٹو مکہ سہولت کو عازمین کے لیے ایک انقلابی اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پرواز ایک مقدس سفر کی یادگار شروعات ہے۔ انہوں نے حجاج کرام کی سہولت کے لیے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس سال روڈ ٹو مکہ منصوبے سے مجموعی طور پر 80 فیصد پاکستانی عازمین مستفید ہوں گے۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سے 36 ہزار اور کراچی سے 29 ہزار 800 عازمین اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ لاہور کے 30 ہزار عازمین پہلی بار اس منصوبے کا حصہ بن رہے ہیں۔
حجاج کرام کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ ہر عازم کو سعودی عرب پہنچنے پر مفت سم کارڈ فراہم کیا جائے گا جبکہ ہر 188 افراد کے گروپ کے لیے ایک تربیت یافتہ سپروائزر تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ منی، عرفات اور مزدلفہ میں عازمین کی مکمل رہنمائی کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر اس سال پاکستان سے تقریباً 95 ہزار 800 عازمین روڈ ٹو مکہ سہولت سے استفادہ کریں گے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ…
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ رکنی…
اقوام متحدہ کے سابق ہتھیاروں کے معائنہ کار اور امریکی میرین کور کے انٹیلی جنس…
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران خطے میں چار…
کراچی میں پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی تھانہ خود سنگین…
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ امریکہ…