دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے میں پاکستان کو ملوث کرنے کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے نئی دہلی پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ رویہ اپنائے اور اشتعال انگیز بیانات اور اقدامات سے گریز کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کے دوران بھارت کا بے بنیاد الزامات کا سہارا لینا انتہائی افسوسناک ہے۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت اپنے تنگ نظر سیاسی مفادات کے حصول کے لیے جھوٹے بیانیے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ گزشتہ برس آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے ملنے والے کرارے جواب کے بعد بھارت کا یہ طرز عمل اس کی پرانی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد خطے میں اپنی دہشت گردی کی سرپرستی کو چھپانا ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے پہلگام واقعے کے ماسٹر مائنڈ کے پاکستان میں پناہ لینے اور پاکستانی شناختی کارڈ کے حامل ہونے کے دعووں پر دفتر خارجہ نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ 22 اپریل گزشتہ برس مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں نامعلوم افراد کے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر عائد کیا تھا۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت ان ہتھکنڈوں سے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے نہیں ہٹا سکتا۔ دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے یکطرفہ اقدام کو بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی گزشتہ روز پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہونے پر کہا کہ بھارت ایک سال گزرنے کے باوجود اپنے الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ واضح رہے کہ 7 مئی 2025 کو بھارتی میزائل حملوں کے بعد پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے جس کے بعد آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا گیا تھا۔
خطے میں کشیدگی کے اس دور کا خاتمہ 10 مئی 2025 کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کے بعد ہوا تھا، جس کی تصدیق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بھارتی سیکرٹری خارجہ نے بھی کی تھی۔ دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو اشتعال انگیزی سے باز رہنے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کا کہے۔
تہران میں ہسپتال پر حملے کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نوزائیدہ بچوں…
کراچی میں میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلنس کے زیر اہتمام ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور مستقبل…
پاکستان نے پہلگام واقعے میں ملوث ہونے کے بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں…
لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک صحافی کی ہلاکت کو وزیراعظم…
اٹلی نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے لیے بین الاقوامی مشن…
وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کے درمیان اسلام آباد…