میانوالی میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ایک رہائشی مکان کو اس وقت سیل کر دیا گیا جب گھر کے اندر خواتین اور بچے موجود تھے۔
اطلاعات کے مطابق ایکسائز انسپکٹر عظمت اللہ خان نے محلہ ابراہیم آباد میں معروف سماجی شخصیت حاجی شیخ شفیع کے گھر پر کارروائی کی۔ اس دوران گھر کے مکینوں کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی اور گھر میں موجود خواتین اور بچے اندر ہی محصور ہو کر رہ گئے۔
اس غیر معمولی واقعے کی ویڈیو اور خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو حکام بالا نے فوری نوٹس لیا۔ صورتحال کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر نے فوری مداخلت کی۔
محکمے کی جانب سے ایک اہلکار کو موقع پر بھیجا گیا جس نے گھر کے دروازے سے سیل ہٹا دی۔ اس اقدام کے بعد گھر میں محصور خواتین اور بچوں نے سکھ کا سانس لیا۔
