شمالی کوریا کی جانب سے روس اور یوکرین تنازع میں ماسکو کی حمایت کے لیے بھیجے گئے فوجیوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے لیے روسی پارلیمان کے اسپیکر ویچسلاو وولوڈن شمالی کوریا پہنچ گئے ہیں۔ روسی خبر رساں ادارے ٹاس کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے قریبی ساتھی اور ڈوما کے اسپیکر کا پیانگ یانگ آمد پر شمالی کوریا کی سپریم پیپلز اسمبلی کے سربراہ اور کم جونگ ان کے قریبی رفیق جو یونگ وون نے استقبال کیا۔
مغربی، یوکرینی اور جنوبی کوریا کے حکام کے مطابق شمالی کوریا اب تک یوکرین کے خلاف جنگ میں روسی افواج کی معاونت کے لیے تقریباً 14 ہزار فوجی بھیج چکا ہے۔ ان ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان میں سے 6 ہزار سے زائد فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ دورہ ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب شمالی کوریا کرسک کی آزادی کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کرنے جا رہا ہے، جسے ماسکو نے ایک سال قبل یوکرین کے قبضے سے بازیاب کرانے کا اعلان کیا تھا۔
ماسکو اور پیانگ یانگ کے درمیان سفارتی اور عسکری تعلقات 2023 سے انتہائی تیزی کے ساتھ مستحکم ہوئے ہیں۔ گزشتہ برس جون میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ملاقات کے دوران ایک جامع اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے جس میں باہمی دفاع کا معاہدہ بھی شامل ہے۔
