وفاقی آئینی عدالت نے اسلام آباد کے ریڈ زون کی بندش کے پیش نظر آج بروز جمعرات اپنی مرکزی نشست پر تمام عدالتی کارروائی معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ عدالت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ریڈ زون کے بند ہونے سے وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کو درپیش ممکنہ مشکلات کے تناظر میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
عدالتی حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ آج کسی بھی مقدمے کی سماعت نہیں ہوگی اور 23 اپریل کی کاز لسٹ کو منسوخ تصور کیا جائے گا۔ اس دوران عدالت کے تمام افسران اور عملے کو گھر سے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے اور انہیں اپنے اسٹیشن نہ چھوڑنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
تاہم عدالت کی چاروں برانچ رجسٹریز معمول کے مطابق کھلی رہیں گی جہاں عدالتی اور انتظامی امور بدستور جاری رہیں گے۔
