-Advertisement-

کینیڈا اسکول فائرنگ: اوپن اے آئی کے سی ای او سیم آلٹمین کی جانب سے معافی طلب

تازہ ترین

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور اسحاق ڈار سے ملاقات

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر...
-Advertisement-

اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سیم آلٹمین نے کینیڈا کی ایک کمیونٹی سے معافی مانگ لی ہے جہاں رواں برس پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے کے بعد کمپنی نے شوٹر کے چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ کی نشاندہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نہیں کی تھی۔

برٹش کولمبیا کے پریمیئر ڈیوڈ ایبی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے خط میں سیم آلٹمین کا کہنا تھا کہ اس کمیونٹی نے جس کرب کو برداشت کیا ہے وہ ناقابل بیان ہے اور وہ گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل ان کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

فروری کی دس تاریخ کو شمال مشرقی برٹش کولمبیا کے چھوٹے سے علاقے ٹمبلر رج میں آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق اٹھارہ سالہ جیسی وین روٹسلیئر نے ٹمبلر رج سیکنڈری اسکول میں فائرنگ کر کے چھ افراد کو قتل کیا، جبکہ اس سے قبل اس نے اپنی رہائش گاہ پر اپنی والدہ اور گیارہ سالہ بھائی کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ بعد ازاں حملہ آور نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔

جمعرات کے روز لکھے گئے خط میں سیم آلٹمین نے اعتراف کیا کہ حملہ آور کا چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ جون 2025 میں، یعنی فائرنگ کے واقعے سے آٹھ ماہ قبل ہی بند کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات پر شدید افسوس ہے کہ انہوں نے جون میں بند کیے گئے اس اکاؤنٹ کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نہیں دی۔

اوپن اے آئی کی جانب سے فروری میں سی بی ایس نیوز کو بتایا گیا تھا کہ مذکورہ اکاؤنٹ کو خودکار ٹولز اور انسانی تفتیش کاروں نے پرتشدد سرگرمیوں کے شبہے میں بلاک کیا تھا۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ اس وقت یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ اکاؤنٹ سے کسی فوری اور حقیقی جسمانی خطرے کا اشارہ نہیں مل رہا، اس لیے اسے حکام کو رپورٹ کرنے کے معیار پر پورا نہیں اتارا گیا تھا۔

کمپنی کا موقف ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کو اس طرح تربیت دی گئی ہے کہ وہ حقیقی دنیا میں نقصانات کی حوصلہ شکنی کرے۔ کسی بھی صارف کی جانب سے نقصان پہنچانے کے ارادے کے اظہار پر معاملہ انسانی جائزہ لینے والوں کو بھیجا جاتا ہے تاکہ فوری خطرے کی صورت میں پولیس سے رابطہ کیا جا سکے۔

سیم آلٹمین نے اپنے خط میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ اوپن اے آئی مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ دوبارہ ایسا سانحہ نہ ہو سکے۔

دوسری جانب، رواں ہفتے فلوریڈا کے اٹارنی جنرل جیمز اتھمیئر نے اوپن اے آئی کے خلاف فوجداری تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ یہ تحقیقات اپریل 2025 میں فلوریڈا اسٹیٹ یونیورسٹی میں ہونے والی فائرنگ کے واقعے کے بعد شروع کی گئی ہیں جس میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی نے مبینہ شوٹر کو اہم مشورے فراہم کیے تھے۔ ان کا دفتر اب اوپن اے آئی سے جرائم کی اطلاع دینے کے پروٹوکولز اور صارفین کی دھمکیوں سے نمٹنے کے طریقہ کار کے بارے میں ریکارڈ طلب کر رہا ہے۔

فلوریڈا واقعے پر اوپن اے آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کا علم ہونے کے بعد کمپنی نے مشتبہ شخص سے منسلک اکاؤنٹ کی نشاندہی کی اور خود کار طریقے سے معلومات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیں۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -