پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح کینیڈا میں بھی مسلمان تنظیموں کی جانب سے عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے.
کینیڈا کے دارلحکومت اٹاوا میں ایک پروقار محفل میلاد مصطفیٰ ﷺ کا اہتمام کیا گیا جس میں سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور سمیت پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر خرم راٹھور نے کہا وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے رحمت العالمین اتھارٹی کا قیام اور عشرہ رحمت العالمین کا حکومتی سطح پر منانے کا مقصد لوگوں میں حضور اکرمﷺ کی فکر کو اجاگر کرنا ہے۔ حضورﷺ کی زندگی اور ان کے مکارم اخلاق میں نوع انسانی کے لیے حسن معاشرت کے تمام بہترین اور قابل عمل راہنما اصول موجود ہیں جنہیں اپنا کر دنیا اور آخرت میں کامیابی سمیٹی جا سکتی ہے۔
اٹاوا کے علاوہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں محافل میلاد منعقد ہوئیں اور حضور اکرم ﷺ کی فکر اور تعلیمات کو اجاگر کیا گیا۔اس حوالے سے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان ٹورنٹو کے زیر اہتمام’’نعتیہ ادب کی تجلیات‘‘ کے موضوع پر ایک آن لائن مذاکرہ ہوا جس سے قونصل جنرل پاکستان ٹورنٹو عبد الحمید،سابق سفیر پاکستان کرامت اللہ غوری،سید صبیح رحمانی،ڈاکٹر تقی عابدی اور یاسر اقبال بٹ نے خطاب کیا اور ِنبی کریم ؐکی ذات و صفات کے منظوم اظہار کی مختلف صورتوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔