امریکی تجویز پر ایران کا غور جاری، ابتدائی منفی ردعمل کے باوجود مذاکرات کے امکانات برقرار

خلیج میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکی تجویز پر تہران میں غور و خوض کا عمل تاحال جاری ہے۔ ایک اعلیٰ ایرانی عہدیدار نے برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ اگرچہ ابتدائی ردعمل حوصلہ افزا نہیں تھا تاہم ایران نے اس تجویز کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا ہے۔

سرکاری سطح پر ایرانی حکام ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو مسترد کرتے رہے ہیں، تاہم پاکستان کی جانب سے پیش کردہ 15 نکاتی فارمولے پر تہران کا باضابطہ جواب دینے میں تاخیر اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ ایرانی قیادت کے کچھ حلقے اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔

پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے رابطہ کیا ہے اور تہران کے باضابطہ جواب کے منتظر ہیں۔ ایک اور پاکستانی ذریعے کا کہنا ہے کہ ایرانی حکام نے جواب دینے کا وعدہ کیا تھا، تاہم میڈیا میں آنے والی تردیدی خبروں کی تاحال کوئی سرکاری تصدیق موصول نہیں ہوئی ہے۔

اس سے قبل ایک اور ایرانی عہدیدار نے تصدیق کی تھی کہ انہیں امریکی تجویز موصول ہو چکی ہے اور مذاکرات کی صورت میں پاکستان یا ترکی کو مقام کے طور پر منتخب کیا جا سکتا ہے۔

امریکی تجویز کی خبر سامنے آتے ہی عالمی منڈیوں میں مثبت رجحان دیکھا گیا اور تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ سرمایہ کار اس پیش رفت کو توانائی کی عالمی سپلائی بحال کرنے اور افراط زر پر قابو پانے کے لیے اہم سمجھ رہے ہیں۔

اسرائیلی کابینہ کے تین ذرائع کا دعویٰ ہے کہ امریکی تجویز میں ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخائر کو ختم کرنے، افزودگی کے عمل کو روکنے، بیلسٹک میزائل پروگرام کو محدود کرنے اور علاقائی اتحادیوں کی مالی معاونت بند کرنے کی شرائط شامل ہیں۔

دوسری جانب پینٹاگون خلیج میں ہزاروں اضافی فوجی دستے بھجوانے کی تیاری کر رہا ہے تاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کو زمینی کارروائی کے مزید آپشنز میسر آ سکیں۔ ادھر ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی سرزمین یا جزائر پر حملہ ہوا تو تہران باب المندب آبنائے میں نیا محاذ کھول سکتا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خبردار کیا کہ دنیا ایک وسیع تر جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی بڑھانے کے بجائے سفارتی راستوں کو اختیار کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

ویب ڈیسک

Recent Posts

تہران کی امریکی پیشکش مسترد، وائٹ ہاؤس کا ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رہنے کا دعویٰ

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے بدھ کے روز ایک پریس بریفنگ کے…

3 منٹس ago

پاکستان اور یورپی یونین کے مابین علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد میں یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کاروبلس نے بدھ کے روز وفاقی وزیر…

8 منٹس ago

پاکستان میں حج پروازوں کا سلسلہ 18 اپریل سے شروع ہوگا

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026 کے لیے پروازوں کا…

13 منٹس ago

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال: پیٹرولیم ڈیلرز نے ہڑتال ملتوی کر دی

کراچی میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 26 مارچ کو دی جانے والی ہڑتال…

18 منٹس ago

2025 کی رپورٹ: ایل پاسو اور لاس اینجلس امریکا کے آلودہ ترین شہر قرار

سن دو ہزار پچیس کے دوران مرتب کردہ فضائی معیار کی ایک نئی عالمی رپورٹ…

2 گھنٹے ago

ترکیہ ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات پہنچانے کا کردار ادا کر رہا ہے، حکومتی عہدیدار

استنبول میں حکمران جماعت کے نائب چیئرمین برائے امور خارجہ ہارون ارماگان نے کہا ہے…

2 گھنٹے ago