ایران جنگ کے باعث التوا کے بعد، امریکی صدر ٹرمپ کا مئی میں چین کا دورہ متوقع

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مئی کے وسط میں چین کا دورہ کریں گے جہاں ان کی ملاقات چینی صدر شی جن پنگ سے ہوگی۔ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے باعث اس دورے کو ملتوی کیا گیا تھا تاہم اب نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ وہ 14 اور 15 مئی کو بیجنگ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ رواں برس کے آخر میں چینی صدر کو واشنگٹن کے دورے کی دعوت بھی دیں گے۔

امریکی صدر کے مطابق دونوں ممالک کے نمائندے ان تاریخی دوروں کی تیاریوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چینی صدر کے ساتھ ان کی ملاقات ایک یادگار تقریب ثابت ہوگی۔

دوسری جانب چینی سفارت خانے نے دورے کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ بیجنگ کی روایت کے مطابق صدر شی جن پنگ کے شیڈول کی تفصیلات چند روز قبل ہی جاری کی جاتی ہیں۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب واشنگٹن ایشیا پیسیفک خطے میں تعلقات کو نئی شکل دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ فروری میں امریکی سپریم کورٹ کی جانب سے ٹیرف لگانے کے صدارتی اختیارات محدود کیے جانے کے بعد سے دونوں ممالک کے تجارتی مذاکرات متاثر ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ ایران کے ساتھ جاری فوجی کشیدگی نے بھی چین اور امریکہ کے تعلقات میں نئی پیچیدگیاں پیدا کی ہیں۔ چین ایران سے تیل درآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے اور ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے آبنائے ہرمز کے معاملے پر مدد کی درخواست کو بیجنگ نے تاحال نظر انداز کر رکھا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ اور چینی صدر کے درمیان دورے کے التوا پر بات چیت ہوئی تھی اور صدر شی جن پنگ نے جنگی صورتحال کے پیش نظر صدر ٹرمپ کی واشنگٹن میں موجودگی کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔

دو روزہ دورے کے دوران زراعت اور طیاروں کے پرزوں کی تجارت پر معاہدوں کا امکان ہے تاہم تائیوان کے معاملے پر کسی بڑی پیشرفت کی توقع نہیں ہے۔ ٹرمپ کے دوسرے دور صدارت میں تائیوان کو امریکی اسلحے کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس پر بیجنگ سخت تحفظات کا اظہار کر چکا ہے۔

ویب ڈیسک

Recent Posts

چاند کی تسخیر: چین کا امریکا کو نیا چیلنج، 2030 تک چاند پر قدم رکھنے کا عزم

چین خلاء میں امریکہ کی بالادستی کو چیلنج کرنے کے لیے کمر بستہ ہو گیا…

1 منٹ ago

پنجاب میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کل سے شروع ہوں گے

پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کل بروز بدھ سے شروع ہوں گے جس…

7 منٹس ago

اداکارہ آئینہ آصف کا سیٹ پر سینئر اداکاروں کے نامناسب رویے کے بارے میں انکشاف

اداکارہ عینا آصف کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے چاند رات خصوصی شو…

12 منٹس ago

انسداد دہشت گردی عدالت: پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری 21 مئی تک روک دی گئی

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی عبوری…

2 گھنٹے ago

26 نومبر احتجاج کیسز: پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے چھبیس نومبر کو سنگجانی جلسے، سپریم کورٹ…

2 گھنٹے ago

کانگریس کی منظوری کے خوف سے ٹرمپ ایران کے ساتھ کشیدگی کو ‘جنگ’ قرار دینے سے گریزاں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جاری فوجی…

4 گھنٹے ago