وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور قیامِ امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس گفتگو میں وزیرِ اعظم نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے عمل کو افسوسناک قرار دیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اس مشکل گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انیس سو سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے ایرانی صدر کو خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا جن میں امریکہ اور برادر اسلامی ممالک کے ساتھ رابطے شامل ہیں۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے مذاکرات کی کامیابی کے لیے باہمی اعتماد سازی کو کلیدی حیثیت قرار دیا۔ وزیرِ اعظم نے اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرنا جاری رکھے گا۔
دوسری جانب وفاقی حکومت نے اہم سفارتی پیش رفت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت انتیس اور تیس مارچ کو سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی پاکستانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں خطے کی صورتحال اور کشیدگی کم کرنے کے امور پر مشاورت کریں گے۔
یہ دورے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تناؤ کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی فعال سفارت کاری کا حصہ ہیں۔ اسلام آباد اپنے دیرینہ تعلقات کو بروئے کار لاتے ہوئے فریقین کے درمیان مفاہمت اور قیامِ امن کے لیے کلیدی ثالث کا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ…
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ رکنی…
اقوام متحدہ کے سابق ہتھیاروں کے معائنہ کار اور امریکی میرین کور کے انٹیلی جنس…
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران خطے میں چار…
کراچی میں پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی تھانہ خود سنگین…
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ امریکہ…