مشرق وسطیٰ میں دو ہفتہ وار جنگ بندی کے معاہدے کی کمزوری اور تنازعات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ اہم تجارتی گزرگاہ آبنائے ہرمز سے توانائی کی ترسیل بدستور تعطل کا شکار رہے گی۔
برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت ایک ڈالر چھیاسی سینٹ یعنی دو اعشاریہ صفر سات فیصد اضافے کے ساتھ 96 ڈالر اکہتر سینٹ فی بیرل ہو گئی جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت دو ڈالر ساٹھ سینٹ یعنی دو اعشاریہ سات پانچ فیصد اضافے کے بعد 97 ڈالر ایک سینٹ فی بیرل تک پہنچ گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری سیشن کے دوران دونوں بینچ مارک قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے گر گئی تھیں، جس کی بڑی وجہ جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کے کھلنے کی امیدیں تھیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کے شرکاء جغرافیائی سیاسی خطرات کے پیش نظر تذبذب کا شکار ہیں اور امریکا و ایران کے درمیان مذاکرات کے نتائج غیر واضح ہیں۔
وانڈا انسائٹس کی بانی وندنا ہری کے مطابق آبنائے ہرمز کے جلد کھلنے کے امکانات انتہائی معدوم ہیں جس کے باعث تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیوچرز مارکیٹ کی صورتحال غیر معمولی ہے کیونکہ عام حالات میں قیمتوں کو جنگ بندی سے قبل کی سطح پر واپس آجانا چاہیے تھا۔
آبنائے ہرمز عالمی منڈیوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جہاں سے دنیا بھر کی تقریباً 20 فیصد تیل اور گیس کی سپلائی گزرتی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملوں کے بعد جنگ بندی کے معاہدے پر سوالات اٹھ رہے ہیں جس پر ایران نے واضح کیا ہے کہ ایسے حالات میں مستقل امن مذاکرات آگے بڑھانا غیر معقول ہوگا۔
اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ لاجسٹک مسائل، سیکیورٹی خدشات اور انشورنس پریمیم میں اضافے کے باعث آئندہ دو ہفتوں کے دوران آبنائے ہرمز سے توانائی کی اضافی ترسیل کا امکان بہت کم ہے۔
دوسری جانب خطے میں تیل کی تنصیبات کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ ایرانی کارروائیوں کے نتیجے میں سعودی عرب کی پائپ لائن سمیت کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں بھی میزائل اور ڈرون حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
گولڈمین سیکس نے اپنی رپورٹ میں برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کی تیسری اور چوتھی سہ ماہی کے لیے قیمتوں کے تخمینے برقرار رکھے ہیں تاہم دوسری سہ ماہی کے لیے قیمتوں کے اہداف میں کمی کی گئی ہے۔ بینک کا ماننا ہے کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل میں معمولی بہتری کے باعث خطرے کا پریمیم کم ہوا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ…
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ رکنی…
اقوام متحدہ کے سابق ہتھیاروں کے معائنہ کار اور امریکی میرین کور کے انٹیلی جنس…
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران خطے میں چار…
کراچی میں پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی تھانہ خود سنگین…
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ امریکہ…