اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے مابین اعلیٰ سطحی مذاکرات کا طویل دور بغیر کسی حتمی معاہدے کے اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اکیس گھنٹے تک جاری رہنے والی اس سفارتی بیٹھک میں پاکستان نے ثالث کا کردار ادا کیا جس کے بعد ایرانی وفد اتوار کے روز وطن واپس روانہ ہو گیا۔
اسلام آباد میں ہونے والی ان اہم بات چیت کے اختتام پر پاکستانی قیادت نے ایرانی وفد کو الوداع کہا۔ الوداعی تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر داخلہ محسن نقوی موجود تھے۔
ایرانی وفد کی قیادت پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی۔ مذاکرات کے دوران سیکیورٹی، جوہری معاملات اور علاقائی استحکام جیسے حساس موضوعات پر تفصیلی غور کیا گیا، تاہم فریقین کے مابین گہرے اختلافات کے باعث کوئی باضابطہ معاہدہ طے نہ پا سکا۔
امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس نے کی۔ امریکی حکام کا مؤقف تھا کہ مذاکراتی فریم ورک میں جوہری و میزائل امور اور پابندیوں کے خاتمے سے متعلق واضح شرائط شامل تھیں، جبکہ ایرانی نمائندوں نے ان تجاویز کو ناقابل اعتبار قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے واضح کیا کہ تہران ماضی کے تلخ تجربات کے تناظر میں امریکہ پر اعتماد کرنے سے قاصر رہا۔
مذاکرات کے دوران ایران نے پابندیوں کے مکمل خاتمے، تزویراتی آبی گزرگاہوں پر کنٹرول اور ٹرانزٹ انتظامات میں تبدیلی پر زور دیا۔ دونوں جانب سے اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ ایک ہی نشست میں کسی بڑے معاہدے کی توقع نہیں تھی، تاہم مستقبل میں مزید رابطوں کے امکان کو رد نہیں کیا گیا۔
ایرانی وفد نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی میزبانی اور سفارتی کوششوں کو سراہا اور پاکستانی قیادت و عوام کا شکریہ ادا کیا۔ یہ مذاکرات اپریل میں ہونے والی جنگ بندی کے بعد ایک ایسے وقت میں منعقد کیے گئے جب خطے میں کشیدگی کے سائے موجود ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیجنگ کے دورے اور چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ…
اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کے لیے چھ رکنی…
اقوام متحدہ کے سابق ہتھیاروں کے معائنہ کار اور امریکی میرین کور کے انٹیلی جنس…
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران خطے میں چار…
کراچی میں پانی کی چوری کی روک تھام کے لیے قائم خصوصی تھانہ خود سنگین…
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے پر پہنچ گئے ہیں، ان کے ہمراہ امریکہ…