جرمنی نے سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے متاثرین کی مدد کے لیے مزید 20 ملین یورو کی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ برلن میں وزارت ترقیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس نئی امداد کے بعد رواں برس کے لیے فنڈنگ کا عمل مزید وسیع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سال 2025 کے اختتام تک جرمنی سوڈان اور جنگ سے متاثرہ پڑوسی ممالک میں جاری منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 155 اعشاریہ 4 ملین یورو فراہم کر چکا ہے۔ یہ اعلان برلن میں سوڈان کے حوالے سے منعقدہ ایک بین الاقوامی امدادی کانفرنس سے قبل کیا گیا ہے۔
سوڈان کی فوج اور نیم فوجی دستوں ریپڈ سپورٹ فورسز کے مابین جاری جنگ آج تیسرے سال میں داخل ہو چکی ہے۔ اس تنازع نے دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک کو جنم دیا ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور بڑے پیمانے پر قحط کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
جرمنی اس کانفرنس کے ذریعے کم از کم ایک ارب یورو کے امدادی وعدے حاصل کرنے کا خواہشمند ہے۔ جرمن وزیر خارجہ جوہن ویڈے فہول نے ایک ریڈیو انٹرویو میں کہا کہ عالمی سطح پر دیگر تنازعات اور امریکہ کی جانب سے امدادی وعدوں میں کمی کے باعث فنڈز کا حصول ایک مشکل چیلنج بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کی کوشش ہے کہ وہ دیگر ممالک، بشمول امریکہ کی جانب سے امداد میں کمی کے خلا کو پُر کرے۔ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ سوڈان میں بھوک اور افلاس کو روکنا جرمنی کے اپنے مفاد میں بھی ہے تاکہ 2015 اور 2016 کے دوران مشرق وسطیٰ سے یورپ آنے والے مہاجرین کے بڑے ریلے جیسی صورتحال سے بچا جا سکے۔
