امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے غیر ملکی بحری جہازوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے پیر سے ایک نئے مشن کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس انسانی ہمدردی کے اقدام میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالی گئی تو اس کا بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کئی ممالک نے ان سے رابطہ کرکے ان جہازوں کی مدد کی درخواست کی ہے جن کا علاقائی تنازع سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے ان جہازوں کو غیر جانبدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فورسز انہیں بحفاظت محدود آبی گزرگاہوں سے نکالیں گی تاکہ تجارتی سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔ ٹرمپ نے اس اقدام کو پروجیکٹ فریڈم کا نام دیا ہے۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران نے تصدیق کی ہے کہ اسے پاکستان کے توسط سے جنگ بندی کے لیے پیش کردہ 14 نکاتی تجاویز پر امریکی جواب موصول ہو گیا ہے جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ امریکی ردعمل پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے سخت موقف اپناتے ہوئے امریکی صدر کو خبردار کیا ہے کہ وہ ناممکن فوجی کارروائی یا پھر ایک برے معاہدے میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کی تجاویز میں 30 روز کے اندر تمام تنازعات کے حل، امریکی افواج کے انخلا، بحری ناکہ بندی کے خاتمے اور پابندیاں ہٹانے سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔
پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیش رفت کا انحصار امریکی رویے میں تبدیلی پر ہے۔ سفارتی ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتہ انتہائی اہم ہے جبکہ پاکستان دونوں فریقین کے درمیان خلیج کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ مثبت بات چیت کر رہے ہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا تو جنگ دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران نے ابھی تک اپنی غلطیوں کی بڑی قیمت ادا نہیں کی ہے۔
آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی سپلائی چین اور علاقائی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اگرچہ جنگ بندی کو چار ہفتے گزر چکے ہیں لیکن دونوں جانب سے بیانات میں سختی برقرار ہے جس سے خطے میں قیام امن کی کوششیں غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔
ضلع خانیوال کے علاقے عبدالحکیم میں ٹرین کی زد میں آکر انیس سالہ نوجوان جاں…
وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں…
اسلام آباد ہائی کورٹ آج پیر کے روز سابق وزیراعظم عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ…
شاہ چارلس سوئم کا دورہ امریکہ ایک بڑا چیلنج اور خطرہ تھا جسے بادشاہ نے…
پشاور زلمی نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین…
روہیلاں والی کی گلی میں ایک خاتون نے نیم بے ہوشی کی حالت میں بچے…