-Advertisement-

اسرائیل نے غزہ امدادی قافلے کے کارکنوں پر بدترین تشدد کیا، بین الاقوامی کمیٹی کا انکشاف

تازہ ترین

پاکستان اور بنگلہ دیش کا منشیات سمگلنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے تاریخی معاہدہ

پاکستان اور بنگلہ دیش نے منشیات کی سمگلنگ، سائبر کرائم، دہشت گردی اور انسانی سمگلنگ کے خلاف باہمی تعاون...
-Advertisement-

غزہ کا محاصرہ توڑنے والی بین الاقوامی کمیٹی کے سربراہ یوسف اجیسا نے انکشاف کیا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کے کارکنوں کو اسرائیلی حراست کے دوران بدترین تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے جمعہ کے روز اناطولو نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غزہ کے لیے امدادی مشن پر جانے والے کارکنوں کو نہ صرف مار پیٹ کا نشانہ بنایا گیا بلکہ انہیں گھسیٹنے، ہتھکڑیاں لگانے اور آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر بدسلوکی کی گئی۔

یوسف اجیسا نے ان واقعات کو انسانی وقار کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے کی جانے والی جنسی ہراسانی اور تشدد اس صہیونی ریاست کی مجرمانہ ذہنیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، بالخصوص یورپی یونین کے کمزور ردعمل پر شدید حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ احتساب نہ ہونے کے باعث اسرائیل کی جارحیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

کمیٹی سربراہ نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل پر فوری طور پر پابندیاں عائد کی جائیں کیونکہ یہ ریاست بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر غیر عرب اور غیر مسلم ممالک کے کارکنوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جا سکتا ہے تو غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے نہتے فلسطینیوں کی حالت کیا ہوگی۔

اجیسا نے برازیل کے شہری تھیاگو ایویلا اور سویڈن کے شہری سیف ابو کشک کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جو تاحال اسرائیلی قید میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کارکنوں کو کئی روز سے زیر حراست رکھ کر شدید جسمانی تشدد اور موت کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ مستقبل میں غزہ جانے والے امدادی جہازوں کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ انہیں بین الاقوامی پانیوں میں قزاقی کا نشانہ نہ بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کا مشن 29 اپریل کو کریٹ کے ساحل کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے روکا گیا تھا۔ اس آپریشن کے دوران 177 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا تھا جبکہ مجموعی طور پر 22 کشتیاں قبضے میں لی گئیں۔

اسرائیل 2007 سے غزہ کا محاصرہ کیے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں وہاں کے 24 لاکھ افراد بھوک کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران 72 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 72 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جبکہ پورے علاقے میں تباہی کا سماں ہے۔

اہم خبریں

-Advertisement-

مزید خبریں

- Advertisement -