ایرانی پاسداران انقلاب کی بحری کمان نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی تیل بردار جہازوں یا تجارتی کشتیوں پر کسی بھی حملے کی صورت میں خطے میں موجود امریکی مراکز اور دشمن کے بحری جہازوں کو شدید جوابی کارروائی کا نشانہ بنایا جائے گا۔ آئی آر آئی بی نیوز ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر دھمکی دی ہے کہ ان کی فورس کے میزائل اور ڈرون خطے میں موجود امریکی اہداف اور دشمن کے بحری جہازوں پر لاک ہیں اور صرف فائر کرنے کے حکم کے منتظر ہیں۔
آبنائے ہرمز کے ارد گرد اتوار کے روز نسبتاً سکون دیکھا گیا، جہاں امریکہ ایران کی جانب سے امن مذاکرات کی تازہ ترین تجاویز پر جواب کا منتظر ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے میامی میں قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی سے ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ میں سلامتی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فرانسیسی نشریاتی ادارے ایل سی آئی کی رپورٹر مارگو حداد کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے مختصر انٹرویو میں کہا کہ انہیں جلد ایران کے جواب کی توقع ہے۔ تاہم تہران کی جانب سے اب تک کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔ دوسری جانب قطر کا مائع قدرتی گیس لے جانے والا ایک ٹینکر آبنائے ہرمز سے پاکستان کی جانب گامزن ہے، جسے ایران نے قطر اور پاکستان کے بطور ثالث کردار کے پیش نظر گزرنے کی اجازت دی ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرم نیا نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک ایران پر امریکی پابندیوں کی پیروی کریں گے، ان کے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایرانی قانون سازوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسا مسودہ قانون تیار کر رہے ہیں جس کے تحت آبنائے کا انتظام ایران کے ہاتھ میں ہوگا اور دشمن ممالک کے جہازوں کا گزرنا ممنوع قرار دیا جائے گا۔
ادھر امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دو ماہ سے جاری تنازع کے باوجود جنگ بندی برقرار ہے، جبکہ ایران نے امریکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جمعہ کے روز کہا کہ جب بھی سفارتی حل کی بات ہوتی ہے، امریکہ لاپرواہی پر مبنی فوجی مہم جوئی کا راستہ اختیار کر لیتا ہے۔
برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ صورتحال کے مستحکم ہونے کے بعد بحری جہازوں کے محفوظ گزرنے کو یقینی بنانے کے لیے مشن کی تیاری کے سلسلے میں ایک جنگی جہاز مشرق وسطیٰ بھیج رہا ہے۔ اس سے قبل جمعہ کے روز امریکی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ایران سے منسلک دو جہازوں کو ایک ایرانی بندرگاہ میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔ اتوار کے روز یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا کہ دوحہ کے شمال مشرق میں ایک بلک کیریئر پر پروجیکٹائل سے حملہ ہوا، جس سے لگی معمولی آگ پر قابو پا لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید…
اسرائیل نے ایران کے خلاف فضائی مہم میں معاونت کے لیے عراقی صحرا میں ایک…
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 11 مئی تک ہیٹ…
برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی کے تحفظ کے لیے اپنے جنگی بحری…
قطر کے شہر دوحہ کے شمال مشرق میں 23 ناٹیکل میل کے فاصلے پر ایک…
ہینٹا وائرس کے مہلک پھیلاؤ کے شکار کروز شپ ایم وی ہونڈیئس نے اتوار کی…