کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر شارق وہرہ نے ایف بی آر کے 6 مئی 2021 کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپریل 2021 کی ٹیکس مدت کے لیے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ریٹرن کی ادائیگی اور جمع کروانے کی تاریخوں میں بالترتیب 18 مئی 2021 اور 21 مئی 2021 تک توسیع کی گئی ہے جو کہ ناکافی ہے جسے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے 30 مئی 2021 تک بڑھایا جائے۔
کے سی سی آئی کے صدر نے چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد کو ارسال کیے گئے ایک خط میں نشاندہی کی کہ سیلز ٹیکس اور ایف ای ریٹرن جمع کروانے کی تاریخوں میں برائے نام توسیع ٹیکس دہندگان کے لیے مشکلات پیدا کرے گی چونکہ عیدالفطر کی طویل تعطیلات کے بعد معمولات واپس آنے میں وقت لگے گا کیونکہ9 مئی 2021 سے 16 مئی 2021 تک تعطیلات رہیں گی لہٰذا تاجر وصنعتکار برادری اپریل 2021 کے مہینے کے لیے اپنے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ریٹرن کو صرف چند دن کے اعلان کردہ محدود دنوں کی توسیع میں تیار اور جمع نہیں کراسکتی۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر صورتحال تجارت اور صنعت کے لیے سازگار نہیں ہے کیونکہ بہت ہی زیادہ محدود کاروباری سرگرمیوں کی وجہ سے آج کل ہر ایک کو سرمائے کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہاہے جبکہ حکومت نے تمام لوگوں کو گھروں پر ہی رکھنے کے ارادے سے عیدالفطر پر طویل تعطیلات کا اعلان کیا تاکہ کورونا وبائی مرض کے جاری تیسری لہر پر قابو پایا جاسکے۔
صدر کے سی سی آئی نے مجموعی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف بی آر سے درخواست کی کہ وہ ایف بی آر اور تاجر برادری کے بہتر مفاد میں اپریل 2021 کے لیے سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 30 مئی 2021 تک توسیع کرے جبکہ توسیع کے متعلقہ نوٹیفکیشن کو بھی دوبارہ جاری کیا جائے جس کا ملک کی پوری تاجر و صنعتکار برادری بڑے پیمانے پر خیرمقدم کرے گی۔