پاکستان کی معروف این جی او ملین سمائلز فاونڈیشن اور پاکستان کی نامور سافٹ وئیر کمپنی نیٹ سولز ٹیکنالوجی نے آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں تعلیمی میدان میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب نیٹ سولز ٹیکنالوجی کے ہیڈ آفس لاہور میں ہوئی جس میں ملین سمائلز فاونڈیشن کے شریک بانی ذیشان افضل اور نیٹ سولز ٹیکنالوجی کے سی ای او سلیم غوری سمیت دونوں اداروں کے سینئر عہدیداران شریک تھے۔ نیٹ سولز ٹیکنالوجی آزاد کشمیر کے علاقے نقدر نیلم ویلی کے ایک سکول کو ملین سمائلز فاونڈیشن کے توسط سے اسپانسر کرے گا، جس میں ۱۶۰ بچے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ بچوں کیلئے اسٹیشنری، سکول یونیفارم وغیرہ فراہم کی جائیں گی جب کہ نیٹ سولز ٹیکنالوجی کی جانب سے اسکول میں جدید ترین کمپیوٹرلیب بھی تعمیر کی جائے گی۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ملین سمائلز فاونڈیشن کے شریک بانی ذیشان افضل کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے نیکی کے اس سفر میں کارپوریٹ دنیا کے نامور لوگ بھی ہمارے ساتھ جڑنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے ہر بچے کو تعلیم تک رسائی فراہم کی جائے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں شعور کے بغیر جینا بہت مشکل ہے اور اسی مقصد کیلئے ہم تعلیم کو عام کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ ملین سمائلز فاونڈیشن نے اس سے قبل بھی آزاد کشمیر میں ۵سکولز کو فعال کیا ہے جہاں ۸ سو بچوں کو مفت تولیم فراہم کی جا رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ملین سمائلز فاونڈیشن ایسے مزید پراجیکٹس بھی منظر عام پر لائے گی۔
نیٹ سولز ٹیکنالوجی کے سی ای او سلیم غوری نے اس موقع پر کہا کہ ملین سمائلز فاونڈیشن کے ساتھ کام کر کے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ اس سکول سے پڑھنے والے بچے ایک دن دنیا میں اپنا نام اور مقام پیدا کر یں گے۔ا نہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں کمپیوٹر کی تعلیم ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، اسی لئے ہم اس سکول میں بھی جدید ترین لیب تیار کریں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ نیکی کے اس سفر میں ہم ملین سمائلز فاونڈیشن کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ہم ملین سمائلز فاونڈیشن کے ساتھ ساتھ شانہ بشانہ کام کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ملین سمائلز فاونڈیشن کی جانب سے آزاد کشمیر میں ۵ سکولز کی تعمیر نو کی جا چکی ہے یہ سکولز اُن علاقوں میں قائم کئے گئے ہیں جہاں تعلیمی دلچسپی نہ ہونے کے برابر تھی تاہم اب ان سکولز میں مجموعی طو رپر ۸ سو سے زائد بچےمفت تعلیم حاصل کریں گے۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں ایک مسجد کی بحالی بھی ملین سمائلز فاونڈیشن کی جانب سے کی جا چکی ہے ۔