وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور خطے میں امن کے قیام کے لیے حکومتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے سابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں مسلم لیگ ن کے نہال ہاشمی بھی شریک تھے جنہیں کامران ٹیسوری کی جگہ نیا گورنر سندھ تعینات کیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی قیادت کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کی جبکہ وفد میں کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شامل تھے۔ ملاقات میں شریک حکومتی وفد میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت خلیل داس اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ موجود تھے۔
ملاقات کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ یہ پیش رفت صدر آصف علی زرداری کی جانب سے وزیر اعظم کی سفارش پر 12 مارچ کو نہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ تقرری کی منظوری کے تقریباً دو ہفتے بعد سامنے آئی ہے۔
کامران ٹیسوری کی جگہ نہال ہاشمی کی تقرری کے فیصلے پر ایم کیو ایم پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت کی جانب سے سنگین غلطی قرار دیا تھا اور شکوہ کیا تھا کہ انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ تاہم اس سے قبل 14 مارچ کو صدر آصف علی زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی اور خالد مقبول صدیقی کے درمیان کراچی میں ملاقات ہوئی تھی جس میں قومی یکجہتی اور سیاسی ہم آہنگی پر زور دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ کامران ٹیسوری کی تقرری وفاق میں مخلوط حکومت سازی کے معاہدے کے تحت عمل میں آئی تھی جس کے تحت مسلم لیگ ن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی کے گورنرز کی تقرری پر اتفاق کیا تھا، جبکہ بدلے میں پیپلز پارٹی نے سندھ اور بلوچستان میں مسلم لیگ ن کے نامزد امیدواروں کو گورنر بنانے کا حق تسلیم کیا تھا۔ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان بڑھتی ہوئی قربتوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کے معاہدے کے لیے…
اسلام آباد میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے خطے میں امن کے…
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے تصدیق کی ہے کہ فروری میں جزوی حکومتی شٹ…
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ اور اختیارات کی منتقلی کے…
بہاماس کے ساحلی علاقوں میں سمندری حیات پر کی جانے والی ایک نئی تحقیق نے…
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں وہ خطے میں جاری…