وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر پوری قوم کو توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کو ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس قبیح عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی بچت، توانائی کی کارکردگی اور کفایت شعاری کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بجلی کی پیداوار کا ایک بڑا حصہ پیٹرولیم مصنوعات پر منحصر ہے، لہذا مارکیٹوں کی جلد بندش اور دیگر کفایت شعاری کے اقدامات کا مقصد قیمتی زرمبادلہ کی بچت اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں آج سے مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو رات آٹھ بجے بند کرنے کے احکامات پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ سندھ حکومت کے ساتھ بھی اس پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔
اس موقع پر حکام نے بریفنگ دی کہ ایندھن پر سبسڈی کے اہل افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے رقوم کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ وزارت آئی ٹی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے چار اپریل سے ٹرکوں اور بسوں سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بھی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، احسن اقبال، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شازہ فاطمہ خواجہ، اویس احمد لغاری، بلال اظہر کیانی، طارق باجوہ، طلحہ برکی، گورنر اسٹیٹ بینک، چیف سیکرٹریز اور تمام صوبوں و دیگر علاقوں کے آئی جی پولیس نے شرکت کی۔
راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ پر ہونے والے پرتشدد احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے معاملے پر…
امریکہ اور ایران کے درمیان بدھ کے روز عارضی جنگ بندی کے اعلان کے بعد…
بنگلہ دیشی پولیس نے منگل کے روز سابق اسپیکر قومی اسمبلی شیریں شرمین چوہدری کو…
پاکستانی گلوکار علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا…
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی درخواست پر دو ہفتوں کے لیے…
لبنان کے پہاڑی علاقے یاہشوش میں پیر موراد کی آخری رسومات کے موقع پر غم…