ایشیائی ترقیاتی بینک نے پیش گوئی کی ہے کہ مالی سال 2026 میں پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 3.5 فیصد اور 2027 میں 4.5 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ بینک کی جانب سے جاری کردہ ایشیائی اقتصادی آؤٹ لک کے مطابق، معاشی استحکام کی کوششیں بار آور ثابت ہو رہی ہیں اور مینوفیکچرنگ کے شعبے میں بحالی اور سرمایہ کاری میں اضافے کے باعث شرح نمو میں بہتری متوقع ہے۔ مالی سال 2025 میں یہ شرح 3.1 فیصد رہی تھی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی عہدیدار ایما فین کا کہنا ہے کہ مشکل عالمی حالات کے باوجود کلیدی اقتصادی اصلاحات کے نفاذ سے پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا ہے اور اس کی رفتار میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگرچہ ترقی کا سفر جاری رہنے کی توقع ہے، تاہم معیشت کو درپیش خطرات اب بھی موجود ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے اصلاحاتی عمل کو جاری رکھنا ناگزیر ہے۔
رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعہ طویل ہونے کی صورت میں پاکستان کی معاشی آؤٹ لک پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں توانائی اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ، صنعتی و زرعی پیداوار میں کمی، ترسیلات زر میں گراوٹ اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور تجارتی راستوں میں رکاوٹوں کے پیش نظر، مہنگائی کی شرح مالی سال 2026 میں 6.4 فیصد اور 2027 میں 6.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ اس تناظر میں مرکزی بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی میں محتاط نرمی متوقع ہے تاکہ افراط زر کو 5 سے 7 فیصد کے ہدف کے اندر رکھا جا سکے۔
بینک کے مطابق نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں بحالی، غیر ملکی زرمبادلہ کے مستحکم ذخائر، مالیاتی مراعات اور سیلاب کے بعد تعمیر نو کے اقدامات مالی سال 2026 میں معاشی ترقی کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔ ماہرین نے زور دیا ہے کہ عالمی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کو دانشمندانہ پالیسیوں اور ساختی اصلاحات کے عمل کو ہر صورت برقرار رکھنا ہوگا۔
کوئٹہ سے افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کا عمل جاری ہے اور روزانہ کی…
جنوبی کوریا کے شہر گویانگ میں عالمی شہرت یافتہ کے پاپ گروپ بی ٹی ایس…
برطانوی شہزادے ہیری کی جانب سے افریقہ میں اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی یاد میں…
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کسٹمز…
عالمی اداروں کی جانب سے غزہ کی تعمیر نو کے لیے تخمینہ ستر ارب ڈالر…
کوئٹہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ایران سے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا عمل…